نواز شریف کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی کہانی لغو ہے: سینیٹر عرفان صدیقی

سوشل میڈیا پر زیر گردش خبروں کی سختی سے تردید، عمران خان کا
موجودہ سیاسی حالات میں کوئی کردار نہیں: رہنما مسلم لیگ (ن)

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے اس تاثر کو یکسر مسترد کر دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے جانے کا کوئی ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے ایسی تمام خبروں کو “لغو، بے بنیاد اور بے معنی” قرار دیا ہے۔

پروگرام “ان فوکس” میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ “نواز شریف کئی مرتبہ اڈیالہ جیل جا چکے ہیں، وہ بے گناہی کے جرم میں بھی وہاں قید کاٹ چکے ہیں اور اس وقت ان کا اڈیالہ جیل جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔”

انہوں نے کہا کہ “میں نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر ان افواہوں کو سنا، اور کچھ معتبر صحافیوں کی گفتگو بھی دیکھی، جنہوں نے یہ کہا کہ شاید نواز شریف عمران خان سے ملاقات کیلئے جا رہے ہیں، مگر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس ملاقات کا ایجنڈا کیا ہو سکتا ہے؟”

سینیٹر عرفان صدیقی نے سوال کیا کہ “نہ وہ کچھ مانگنے جا رہے ہیں، نہ دینے جا رہے ہیں، اور نہ ہی عمران خان کے پاس کچھ ایسا ہے جو نواز شریف کے کسی کام آ سکے، یا نواز شریف کے پاس کوئی ایسی چیز ہے جو عمران خان کی مدد کر سکے۔ یہ تمام کہانی ان ہی حلقوں سے نکلی ہے جو پی ٹی آئی کے کارکنوں اور چاہنے والوں کو کسی نہ کسی طور پر تسلی دینا چاہتے ہیں۔”

ان کا کہنا تھا کہ “اب یہ ایک نیا بیانیہ تراشا جا رہا ہے کہ عمران خان کا سیاسی قد اتنا بلند ہے کہ ان سے جیل میں ملاقات کیلئے نواز شریف جیسے رہنما کو جانا پڑے گا، یہ بات قطعی بے بنیاد ہے۔ نہ نواز شریف اور نہ ہی مسلم لیگ (ن) نے ایسا کوئی منصوبہ بنایا ہے، نہ کوئی مشاورت ہوئی ہے، اور نہ ہی ایسا کچھ زیر غور ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “ملک چل رہا ہے، معیشت عمران خان کے بغیر نہیں ڈوب رہی، نہ ہمارے خارجہ تعلقات خراب ہوئے ہیں، نہ ہم بھارت سے جنگ ہار گئے ہیں، عمران خان کی موجودہ سیاسی حالات میں کوئی جگہ نہیں ہے، وہ اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں۔”

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ “پی ٹی آئی کے کچھ رہنما جو کوٹ لکھپت میں بیٹھے ہیں وہ مذاکرات چاہتے ہیں، لیکن ان کا اپنا لیڈر اس کیلئے تیار نہیں۔ وہ چوروں، ڈاکوؤں اور فارم 47 والوں سے بات چیت کا قائل نہیں۔ تو وہ پہلے اپنے اندر طے کر لیں کہ کیا کرنا ہے، پھر ہمارے پاس آئیں، نواز شریف کا اس کھیل میں کوئی عمل دخل نہیں۔”

ادھر پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجا نے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف اور عمران خان کی ملاقات کی خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ “سابق وزیراعظم (نواز شریف) ملک کیلئےاہم قدم اٹھانے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ ظلم اور جبر سے پی ٹی آئی اور عوام کو خاموش نہیں کیا جا سکتا۔”

گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ میاں نواز شریف، اڈیالہ جیل جا کر عمران خان سے ملاقات کریں گے، جس پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی دونوں اطراف سے تردید سامنے آ چکی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں