لاہور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما حماد اظہر نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کی حالیہ پریس کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے اسے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہےحماد اظہر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (پہلے ٹویٹر) پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ نواز شریف نے اپنے دور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے بارے میں جو دعوے کیے ہیں، وہ حقیقت کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں ڈالر کی قیمت 105 روپے تھی لیکن یہ ایکسپورٹس میں اضافے کی وجہ سے نہیں بلکہ مصنوعی ایکسچینج ریٹ برقرار رکھنے کی وجہ سے تھا، جس کی وجہ سے ملک کو شدید معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں پورے خطے اور دنیا میں ایکسپورٹس میں اضافہ ہو رہا تھا، مگر پاکستان میں ایکسپورٹس میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا بلکہ کمی واقع ہوئی۔ نواز شریف صاحب نے ابھی ایک گمراہ کن پریس کانفرنس کی۔ اس کا جواب: pic.twitter.com/2XI6K45kZa
Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) August 16, 2024
حماد اظہر نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت نے اس معاشی بحران کو سنبھالنے اور ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالنے کی کوشش کی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی کے بلوں کی قیمتیں عمران خان کے دور حکومت میں 16 روپے تھیں، جو اب 60 سے 70 روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ اس کی وجہ حالیہ دو سالوں میں کیے گئے مہنگے معاہدے ہیں جو بغیر اوپن ٹینڈر کے بند کمروں میں کیے گئے۔حماد اظہر نے موجودہ حکومت پر الزام لگایا کہ ان کی معاشی پالیسیاں اور اقدامات ملک میں مہنگائی کا سبب بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بھائی اور بیٹی کی حکومت نے ملک کو مشکلات میں دھکیل دیا ہے اور عوام کو اب بھولی بھالی شکلیں بنا کر گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔ پی ٹی آئی رہنما نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوام کے سامنے حقائق لاتے رہیں گے۔