بھارت میں نوجوان نے گرل فرینڈ کو نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر اس سے 2.5 کروڑ روپے اور لگژری گاڑی بٹور لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلور میں بوائے فرینڈ کے شادی کرنے کے جھانسے میں آکر 20 سالہ لڑکی 2.5 کروڑ روپے سے محروم ہوگئی، ملزم نے اسے بلیک میل کرنے کیلئے اس کی نازیبا ویڈیو بنائی۔بلیک میلنگ کئی ماہ تک جاری رہی یہاں تک کہ متاثرہ لڑکی اسے مزید برداشت نہ کرسکی اور حال ہی میں پولیس سے رجوع کیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون جو اب 20 سال کی ہے اس نے اپنے بوائے فرینڈ موہن کمار سے اس وقت دوستی کی جب دونوں بورڈنگ اسکول میں تھے لیکن پھر ان کا رابطہ نہیں ہوسکا چند سالوں کے بعد ان کی دوبارہ ملاقات ہوئی جو پیار میں بدل گئی۔
کمار نے لڑکی سے وعدہ کیا کہ وہ اس سے شادی کرے گا اور دونوں ایک ساتھ گھومنے گئے اس دوران نوجوان نے لڑکی کی نازیبا ویڈیوز بنائیں اور اسے یقین دلایا کہ وہ اسے صرف اپنے پاس رکھے گا۔چند روز کے بعد اس نے لڑکی کو بلیک میل کرنا شروع کردیا اور دھمکی دی کہ اگر اسے رقم نہ دی گئی تو ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردے گا۔
متاثرہ لڑکی نے چھپ کر دادی کے اکاؤنٹ سے 1.25 کروڑ روپے نکالے اور بوائے فرینڈ کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کردیے لیکن بلیک میلنگ کا سلسلہ جاری رہا اور اس نے مختلف مواقع پر کل 1.32 کروڑ روپے نقد بھی دیے۔ملزم کے مطالبات بڑھتے چلے گئے اور اس نے لڑکی کو مہنگی گھڑیاں، زیورات اور لگژری کار دینے پر مجبور کیا۔
پولیس نے بتایا کہ جب کمار کے تنگ کرنے کا سلسلہ نہ رکا تو متاثرہ لڑکی نے ہم سے رجوع کیا اور شکایت درج کرنے کے بعد موہن کمار کو گرفتار کیا گیا۔بنگلورو پولیس کمشنر بی دیانند نے کہا کہ یہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جرم تھا ملزم نے 2.57 کروڑ روپے وصول کیے جس میں سے 80 لاکھ روپے برآمد کرلیے گئے ہیں۔