نیویارک: (نمائندہ خصوصی)امریکی ریاست نیو یارک کی قانون ساز اسمبلی میں پاک امریکا اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نیویارک کی اسمبلی اور سینیٹ میں پاکستانی-امریکن بزنس ڈے 2026 کی قرارداد منظور کرلی گئی۔
ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کی جانب سے پاکستانی-امریکی کمیونٹی کی شاندار خدمات کے اعتراف میں 18 مارچ 2026 کو ریاست نیویارک میں “پاکستانی-امریکن بزنس جشن ڈے” کے طور پر منانے کی قرارداد منظور کی گئی۔

قرارداد کو پائیدار اور مضبوط اقتصادی تعلقات کے قیام کے حوالے سے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مستحکم کریگی.
قرارداد میں اقتصادی ترقی، روزگار پیدا کرنے اور نیو یارک کے ثقافتی تنوع کو تقویت دینے میں پاکستانی-امریکی تاجروں اور کاروباری رہنماؤں کے کردار کو تسلیم کیا گیا ہے، جبکہ ریٹیل، مہمان نوازی، ٹیکنالوجی، مالیات، صحت کی دیکھ بھال اور رئیل اسٹیٹ سمیت مختلف اقتصادی شعبوں میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف بھی کیا گیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے درمیان ایک اہم اقتصادی اور ثقافتی پل کا کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ پاکستان اور ریاست نیویارک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے کے مواقع پر مزید زور دیا گیا ہے۔قرارداد کے مطابق پاکستان اور ریاست نیویارک کے اقتصادی تعلقات میں پیش رفت سے متعلق رپورٹ آئندہ برسوں میں باقاعدگی سے نیویارک کے گورنر ،ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کے سامنے پیش کی جائیگی۔
اس موقع پر امریکا میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل احمد اتوزئی نے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی جبکہ سینیٹر جیسیکا راموس نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔سینیٹر جیسیکا راموس کا کہنا تھا کہ نیویارک کی تعمیر و ترقی اور کامیابی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کا کردار قابل ذکر اور ناقابل فراموش ہے۔

اس موقع پر سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے امریکی سینیٹ کی اکثریتی رہنما سینیٹر اینڈریا اسٹیورٹ کزنز سے ملاقات بھی کی، جس میں پاکستان اور ریاست نیویارک کے درمیان اقتصادی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قرارداد کی منظوری کے موقع پر ایک استقبالیہ بھی منعقد کیا گیا جس میں نیویارک کے سینیٹر لیروئے کامری، سینیٹر جیسکا سکارسیلا-اسپینٹن، اسمبلی ممبران فل راموس، ولیم کولٹن، سٹیو سٹرن، رابرٹ سی کیرول، سٹیون راگا، جینیفر راجکمار، سٹیون چن اور دیگر معزز شرکاء نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاک امریکا تعلقات خصوصاً ریاست نیویارک کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے سینیٹر جان لیو اور اسمبلی کے رکن نادر سائیگ کے کردار کی تعریف کی، جبکہ امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی راشد کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ پاک امریکا تعلقات کی مثبت پیش رفت کو معیشت کے میدان میں ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے، جبکہ انہوں نے ریاستی مقننہ کی جانب سے اس قرارداد کی منظوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستانی امریکی کمیونٹی کیلئے باعث فخر قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت اقتصادی شراکت داری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کاروباری طبقے کے متحرک کردار کی ضرورت ہے، جبکہ پاکستان کی نوجوان افرادی قوت طبی اور تکنیکی شعبوں میں ریاست نیویارک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

