نیویارک (غیر ملکی میڈیا)نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے وینزویلا پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی اور وفاقی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ظہران ممدانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران واضح کیا کہ وہ وینزویلا پر حملے اور کسی بھی قسم کی رجیم چینج کی پالیسی کے مخالف ہیں۔
میئر نیویارک کا کہنا تھا کہ وہ وفاقی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف ہیں اور کسی خودمختار ملک میں طاقت کے ذریعے حکومت تبدیل کرنے کے حق میں نہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کے بعد ظہران ممدانی کا امریکی صدر کے ساتھ پہلا کھلا اختلاف ہے۔
یاد رہے کہ ظہران ممدانی ماضی میں صدر ٹرمپ کو فاشسٹ بھی قرار دے چکے ہیں، تاہم وینزویلا پر حملے سے متعلق میئر نیویارک کی تنقید پر امریکی صدر کی جانب سے تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

