نیویارک (نمائندہ خصوصی) نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اے آر وائی نیٹ ورک نارتھ امریکا کے چیف آپریٹنگ آفیسر کی جانب سے منعقدہ بین المذاہب افطار ڈنر میں شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان، ممتاز مذہبی رہنماؤں اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جو ہم آہنگی اور شمولیت کے جذبے کی عکاسی کرتی تھی۔
اپنےخطاب میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے ماہِ رمضان کی روحانی اور اخلاقی اقدار پر روشنی ڈالی۔رمضان المبارک ہمیں ہمدردی، ایثار، ضبطِ نفس اور دوسروں کے ساتھ بانٹنے اور خیال رکھنے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی بین المذاہب تقریبات باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیتی ہیں، اتحاد کو مضبوط بناتی ہیں اور وسیع تر امریکی معاشرے میں امن اور بقائے باہمی کے مشترکہ عزم کو تقویت فراہم کرتی ہیں۔

