نیویارک:قونصل جنرل پاکستان کی وومن ٹو وومن فورم کی قیادت سے ملاقات

نیویارک (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے قونصل جنرل نیویارک عامر احمد اتوزئی نے نیو جرسی میں قائم غیر منافع بخش تنظیم وومن ٹو وومن فورم کی صدر نصرت سہیل اور نائب صدر غزل رحمان سے ملاقات کی۔وفد نے قونصل جنرل کو خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے جاری اقدامات پر مکمل بریفنگ دی، جن میں قیادت کی تربیت، تعلیمی پروگرام، پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ، نوجوانوں کی شمولیت اور کمیونٹی آؤٹ ریچ سرگرمیاں شامل ہیں۔

قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے فورم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی میں ہم آہنگی کے فروغ اور شہری شرکت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ملاقات میں کمیونٹی کی فلاح، صلاحیت سازی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے باہمی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔