مالمو(خصوصی رپورٹ)سویڈن میں پاکستانی اور سویڈش کمیونٹیز کے اشتراک سے ایک منفرد فلاحی ادارے کا قیام عمل میں آیا ہے جو سویڈن میں نئے آنے والے پاکستانیوں کو مفت قانونی رہنمائی فراہم کرے گا۔
سویڈن کے شہر مالمو میں نیٹ ورک فار پاکستانیز ان سویڈن (این پی ایس) کی افتتاحی تقریب بڑے جوش و خروش سے منعقد ہوئی۔ یہ ادارہ سویڈن میں مقامی سویڈش اور تجربہ کار پاکستانیوں کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے اور اس کا مقصد نئے آنے والے پاکستانیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہے۔
تقریب میں مالمو شہر کی سویڈش اور پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی، جن میں معروف کاروباری شخصیت مصطفیٰ چنگیزی، پاکستان کلچرل سوسائٹی سویڈن کے صدر عامر خلیل جنجوعہ، پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہ زبیر حسین، معیز، انوار اور ادریس شامل تھے۔
این پی ایس کی جنرل سیکرٹری ڈسیری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے کی جانب سے ہفتہ وار ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں نئے آنے والے پاکستانیوں کو سویڈن میں انضمام کیلئےمکمل مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادارہ نئے آنے والوں کو سویڈن کے معاشرے میں کامیاب زندگی گزارنے کیلئےضروری معلومات اور وسائل فراہم کرنے کیلئےوقف ہے۔
پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے زبیر حسین نے اپنے خطاب میں نئے آنے والوں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یونان، اٹلی، اسپین اور دیگر یورپی ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کو اکثر قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن میں بچوں کے ساتھ ناروا سلوک کے الزامات کے تحت سویڈش چائلڈ کیئر سروسز کی جانب سے بچوں کو تحویل میں لینا سر فہرست ہے۔ زبیر حسین نے اس پلیٹ فارم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ نئے آنے والے پاکستانیوں کو سویڈن کے قوانین سے آگاہ کرنے اور منفی نتائج سے بچنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
تقریب میں رمضان المبارک کی مناسبت سے شرکاء کیلئےافطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔
این پی ایس کی صدر ایما Emma نے میڈیا کو اپنے پیغام میں بتایا کہ یہ ادارہ سویڈش اور پاکستانی کمیونٹیز کے درمیان ایک پل کا کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ دونوں ثقافتوں کے درمیان افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور نئے آنے والوں کو سویڈن میں خوش آمدید کہنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
شرکاء نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ این پی ایس نئے آنے والے پاکستانیوں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور انہیں سویڈن میں کامیاب زندگی گزارنے میں مدد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انتظامیہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس سال ادارے کی جانب سے مالمو شہر میں پہلی بار چاند رات میلہ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

