واشنگٹن :امریکی شخصیت کے قتل کی منصوبہ بندی، پاکستانی شہری پر فردِ جرم عائد

واشنگٹن : امریکی شخصیت کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی عدالت نے پاکستانی شہری آصف مرچنٹ پر فرد جرم عائد کردی، آصف مرچنٹ پر امریکی شخصیت کے قتل کی منصوبہ بندی کا الزام ہے اور ایران سے مبینہ روابط کا الزام بھی ہے۔

امریکی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے آصف مرچنٹ نے پاسداران انقلاب کے کمانڈرقاسم سلیمانی کے قتل کے جواب میں امریکی حکومتی عہدیدار کو قتل کرنے کیلئے کرایہ کے قاتل کی خدمات حاصل کیں۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر ورے کے مطابق یہ خطرناک قتل کی سازش مبینہ طور پر ایک پاکستانی شہری نے تیارکی، جن کے ایران کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔ غیرملکی ہدایت پر سرکاری عہدیدار یا شہری کو قتل کرنے کی سازش ہماری قومی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے، اس کا مقابلہ کریں گے۔

پاکستانی شہری کو جولائی میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پاکستانی شہری کو12 جولائی کو امریکا چھوڑنے کی تیاری کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، آصف مرچنٹ نے سیاستدانوں کو قتل کرنے کیلئے اجرتی قاتل سے رابطہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں