واشنگٹن: ٹرمپ نے پاکستان کو ایٹمی تجربات کرنے والے ممالک میں شامل قرار دیدیا

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی پروگرام سکسٹی منٹس میں ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی تجربات کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا “شمالی کوریا تجربے کر رہا ہے، پاکستان تجربے کر رہا ہے، مگر وہ اس کے بارے میں آپ کو نہیں بتاتے۔”

ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں امریکی محکمہ جنگ کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرے۔ ان کے مطابق دیگر ممالک کے تجربات کے پیشِ نظر امریکا کو بھی اپنی صلاحیتوں کا جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ ہتھیار کام کر رہے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس دنیا کے سب سے زیادہ ایٹمی ہتھیار ہیں، جو دنیا کو 150 مرتبہ تباہ کر سکتے ہیں، اور روس و چین کے پاس بھی کافی ہتھیار موجود ہیں۔ ٹرمپ نے کہا: “ہم تجربے کریں گے کیونکہ دوسرے ملک بھی کرتے ہیں، شمالی کوریا کرتا ہے، پاکستان کرتا ہے، مگر وہ اس کے بارے میں نہیں بتاتے، وہ زمین کے بہت نیچے تجربے کرتے ہیں جہاں کسی کو پتا نہیں چلتا۔”

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا ایک کھلا معاشرہ ہے اور عوام کو معلومات دستیاب ہیں، جب کہ دیگر ممالک میں رپورٹرز ایسی سرگرمیوں کی تصدیق نہیں کر سکتے۔

ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ ان کے خیال میں امریکا کے ہتھیار بہترین ہیں اور انہوں نے اپنی صدارت کے دوران انہیں جدید بنایا۔ تاہم انہوں نے کہا: “مجھے یہ کام کرنا پسند نہیں کیونکہ ہتھیاروں کی تباہ کن صلاحیت خوفناک ہے، مگر اگر دوسرے ملکوں کے پاس ہوں گے تو ہمیں بھی رکھنے ہوں گے اور تجربہ بھی کرنا ہوگا۔”

انٹرویو کے حوالے سے ڈان نے پاکستانی دفترِ خارجہ سے ردعمل کیلئے رابطہ کیا ہے لیکن تاحال کوئی باضابطہ جواب سامنے نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں