واشنگٹن(ایجنسیاں)ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے یورپی یونین کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھاری جرمانہ عائد ہونے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ یورپی یونین کو ختم کر دینا چاہیے اور خودمختاری انفرادی ممالک کو واپس کر دی جانی چاہیے تاکہ حکومتیں اپنے عوام کی بہتر نمائندگی کر سکیں۔
ایلون مسک نے وضاحت کی کہ وہ اس معاملے میں سنجیدہ ہیں اور یہ کسی مذاق کی بات نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ یورپ سے محبت کرتے ہیں لیکن بیوروکریٹک مونسٹر یورپی یونین سے نہیں۔
یاد رہے کہ ایکس کو یورپی بلاک کے ڈیجیٹل قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 120 ملین یوروز (تقریباً 140 ملین ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس جرمانے کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

