امریکا کی ریاستی سطح پر پہلی مسلم خاتون کا اعزاز، نیو جرسی میں بھی ڈیموکریٹ میکی شیریل کامیاب
ڈیموکریٹس کی دو خواتین گورنرز کی بھی کامیابی، غزالہ ہاشمی کے شوہر پاکستانی سائنس دان اظہر رفیق کراچی سے ہیں
واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) امریکی ریاست ورجینیا میں ڈیموکریٹ امیدوار ایبیگیل اسپینبرگر نے گورنر کا انتخاب آسانی سے جیت لیا، وہ ریاست کی پہلی خاتون گورنر بن گئی ہیں۔ اسی ریاست میں ڈیموکریٹ ڈاکٹر پروفیسر غزالہ ہاشمی نے لیفٹیننٹ گورنر کا انتخاب جیت کر نہ صرف ورجینیا کی پہلی جنوبی ایشیائی بلکہ امریکا کی پہلی مسلم خاتون بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے جو کسی ریاستی سطح کے عہدے پر منتخب ہوئی ہوں۔ادھر نیو جرسی میں ڈیموکریٹ میکی شیریل نے بھی گورنر کا انتخاب جیت لیا۔
“غزالہ ہاشمی — ریاستی سطح پر منتخب پہلی مسلم خاتون”
ڈاکٹر غزالہ ہاشمی نے ریپبلکن مصنف اور قدامت پسند ریڈیو میزبان جان ریڈ کو شکست دی۔ وہ پوری انتخابی مہم کے دوران سبقت میں رہیں، اگرچہ آخری دنوں میں فرق کچھ کم ہو گیا تھا۔انتخابی نتائج کے مطابق غزالہ ہاشمی نے 7 لاکھ 47 ہزار 773 ووٹ (53.8 فیصد) حاصل کیے، جب کہ ان کے ریپبلکن حریف کو 6 لاکھ 59 ہزار 421 ووٹ (46.4 فیصد) ملے۔
جون میں ہاشمی نے سخت مقابلے میں سابق رچمنڈ میئر لیور اسٹونی اور ریاستی سینیٹر ایرن راؤس کو شکست دے کر ڈیموکریٹک نامزدگی حاصل کی تھی۔پارٹی کے ترقی پسند دھڑے سے تعلق رکھنے والی ہاشمی کو نمایاں ڈیموکریٹ رہنماؤں مثلاً کیلیفورنیا کے رکنِ کانگریس رو خنہ کی بھرپور حمایت حاصل تھی۔
حیدرآباد، بھارت میں پیدا ہونے والی غزالہ ہاشمی کم عمری میں امریکا منتقل ہوئیں۔ انہوں نے ایموری یونیورسٹی سے انگریزی میں پی ایچ ڈی کی اور ورجینیا کی کمیونٹی کالجز میں دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ تدریس کے بعد سیاست میں قدم رکھا۔
2019 میں وہ ورجینیا کی پہلی مسلم خاتون سینیٹر منتخب ہوئی تھیں، اور اب وہ ریاستی سطح پر منتخب ہونے والی پہلی مسلم خاتون بن گئی ہیں۔ان کے شوہر اظہر رفیق ورجینیا کی ایک یونیورسٹی میں سائنس دان ہیں، جن کا تعلق کراچی کے علاقے بہادرآباد سے ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کے والد امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر رہ چکے ہیں۔
“ایبیگیل اسپینبرگر — ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر”
ڈیموکریٹ اسپینبرگر نے ریپبلکن ایئرل سیئرز کو شکست دے کر گورنر شپ حاصل کی، جس سے ریاست پر ڈیموکریٹس کا کنٹرول بحال ہو گیا۔سابق کانگریس وومن اور سی آئی اے افسر اسپینبرگر نے اپنی مہم کو معیشت، عوامی تحفظ اور اسقاطِ حمل کے حق پر مرکوز رکھا۔ ان کی فتح مضبوط فنڈ ریزنگ اور مضافاتی علاقوں میں وسیع حمایت کے باعث ممکن ہوئی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا”ہم نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ 2025 میں ورجینیا نے تعصب پر نہیں بلکہ عملیت پسندی پر اعتماد کیا۔ ہم نے انتشار کے بجائے دولتِ مشترکہ کو ترجیح دی۔”
“نیو جرسی میں میکی شیریل کی کامیابی”
ادھر نیو جرسی میں ڈیموکریٹ میکی شیریل نے ریپبلکن جیک سیٹاریلی کو شکست دے کر گورنر کا انتخاب جیت لیا۔
شیریل، جو امریکی کانگریس کی رکن اور سابق نیوی پائلٹ ہیں، موجودہ گورنر فل مرفی کی جانشین بنی ہیں۔
یہ 1960 کی دہائی کے بعد پہلا موقع ہے کہ نیو جرسی کے ووٹروں نے ایک ہی پارٹی کے تین مسلسل گورنرز منتخب کیے ہیں۔

