وزیر مملکت عون چوہدری کا قونصل خانہ پاکستان بارسلونا کا دورہ

بارسلونا (نمائندہ خصوصی)یورپ کے مختلف ممالک کے دوروں کے سلسلے میں وزیرِ مملکت برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی جناب عون چوہدری نے 19 جولائی 2025 کو قونصل خانہ پاکستان بارسلونا کا سرکاری دورہ کیا۔ قونصل جنرل جناب مراد علی وزیر اور قونصل خانے کے عملے نے وزیرِ مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران قونصل جنرل نے اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش اہم مسائل، قونصل خانے کی کارکردگی اور اب تک کیے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِ مملکت نے قونصل خانے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

ملاقات میں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے اجرا میں تاخیر، ویزا اپائنٹمنٹ کے مسائل اور دیگر اہم معاملات زیرِ بحث آئے۔ وزیرِ مملکت نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ان مسائل کو متعلقہ اداروں کے ساتھ فوری طور پر اٹھائیں گے تاکہ جلد از جلد ان کا حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پاکستان آمد پر چار ماہ کی مفت موبائل سم ایکٹیویشن کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس سے لاکھوں پاکستانی مستفید ہو سکیں گے۔

جناب عون چوہدری نے کہا کہ وہ وطن واپسی پر وزیر اعظم پاکستان کو اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور تجاویز سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ اسپین کی پاکستانی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کو جلد وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کا موقع فراہم کریں گے، تاکہ ان کے مسائل کو اعلیٰ سطح پر سنا جا سکے اور پاکستان و اسپین کے مابین تجارتی روابط کو مزید وسعت دی جا سکے۔

دورہ بارسلونا اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت، فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کیلئےحکومتی کوششوں کو تیز کیا جائے گا، اور بیرونِ ملک پاکستانی مشنز کی خدمات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں