وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خیبرپختونخوا کا دورہ، تجاوزات اور ٹمبر مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزرا کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور تجاوزات و ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا عطا اللہ تارڑ، امیر مقام اور احسن اقبال کے ہمراہ سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی کے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔ حکام نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بعد ازاں وزیراعظم نے بونیر میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی چیکس تقسیم کیے۔ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا”ناگہانی آفت میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرنے آیا ہوں، اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند کرے۔ انسانی جانوں کے ضیاع سے بڑھ کر دکھ کوئی نہیں۔ شمالی علاقہ جات میں قوم اشکبار ہے۔”

وزیراعظم نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور بادل پھٹنے کے باعث 350 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، سیکڑوں زخمی اور کئی لاپتا ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2022 کے سیلاب میں بھی وفاق نے صوبوں کے ساتھ مل کر 100 ارب روپے کی خطیر امداد دی تھی اور آج بھی وہی جذبہ برقرار ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں میں کوئی تفریق نہ کی جائے۔غیر قانونی ہوٹل تعمیرات اور تجاوزات ناقابل معافی جرم ہیں۔ٹمبر مافیا کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔متوقع بارشوں کے پیش نظر مزید تیاریوں کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ دس ممالک میں شامل ہے، لہٰذا اس بحران کا مقابلہ وفاق اور صوبے مل کر کریں گے۔انہوں نے پاک افواج اور سول انتظامیہ کے ریسکیو آپریشنز کو سراہا اور کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں فوج دن رات متاثرین کی خدمت میں مصروف ہے۔

آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک گھر ہے، اسے سب نے مل کر سنوارنا ہے۔ قرضوں سے نجات اور ملکی استحکام کیلئےضروری ہے کہ وسائل درست سمت میں استعمال ہوں اور ندی نالوں کے اطراف تعمیرات پر مستقل پابندی لگائی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں