اسلام آباد (نامہ نگار) – وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گلگت بلتستان کے تین قومی ہیروز، وصیت خان، انصار اور محمد خان نے ایوانِ وزیراعظم میں ملاقات کی۔ یہ وہ بہادر چرواہے ہیں جنہوں نے غذر کے علاقے میں گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع دے کر تقریباً 300 افراد کی جانیں بچائیں۔
وزیراعظم نے قومی ہیروز کی جرات مندی اور ذمہ داری کو سراہتے ہوئے کہا”آپ نے بروقت اطلاع دے کر قیمتی انسانی جانیں بچائیں، یہ اقدام ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے۔”
وزیراعظم نے تینوں ہیروز کو 25، 25 لاکھ روپے کے انعامی چیک پیش کیے اور کہا کہ یہ پوری قوم کی طرف سے شکریہ اور محبت کی ایک چھوٹی سی علامت ہے۔
وصیت خان، انصار اور محمد خان نے وزیرِاعظم کی جانب سے پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے وہ انسانی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے، جس پر وہ اللہ کے شکر گزار ہیں۔

