اسلام آباد (اے پی پی) — وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کیلئےبڑا ریلیف اقدام کرتے ہوئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں کے صارفین سے اگست 2025 کے بجلی کے بلوں کی وصولی فوری طور پر روک دی جائے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے اجلاس میں واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جن صارفین سے اگست کا بل وصول کیا جا چکا ہے ان کے بل آئندہ ماہ ایڈجسٹ کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب نے پورے پاکستان میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے اور حکومت اس مشکل وقت میں عوام کے دکھوں پر مرہم رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرین کے ریسکیو اور بحالی کے لیے وفاقی و صوبائی ادارے دن رات کام کر رہے ہیں اور حکومت اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک متاثرین اپنے گھروں میں واپس نہیں پہنچ جاتے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کیلئےبجلی کے بلوں سے متعلق مزید تفصیلی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے وزیراعظم کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بروقت اور عوام دوست اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے اگست کے بل معاف کیے گئے ہیں اور جمع شدہ رقوم صارفین کو واپس کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

