وزیراعظم کا انڈر 19 ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی پر وزیراعظم نے ٹیم کو استقبالیہ دیا، کھلاڑیوں کا خود استقبال کیا اور شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فائنل میں 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے سمیر منہاس کی خصوصی طور پر تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی ٹیم نے مخالف کو وہ شکست دی ہے جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا، بھارت کے خلاف یہ جیت ایک بڑی فتح ہے۔

وزیراعظم نے ٹیم کے کوچنگ اور معاون اسٹاف کیلئے بھی 25، 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ فائنل میں ٹیم نے جس جوش و جذبے سے مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پوری قوم کو اپنے نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے اور امید ہے کہ یہی ٹیم جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائے گی۔

اس موقع پر کھلاڑیوں نے بھرپور عزت افزائی پر وزیراعظم اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور کوچز کی محنت نے اہم کردار ادا کیا۔واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایشیا کپ انڈر 19 مینز ون ڈے ٹورنامنٹ جیت کر تاریخ رقم کی۔