لندن (اے پی پی) — وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی طالبہ ماہ نور چیمہ کو اے لیول امتحانات کے 24 مضامین میں امتیازی گریڈ کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔
اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے دورۂ لندن کے دوران تعلیمی میدان میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرنیوالی پاکستانی نژاد طالبہ ماہ نور چیمہ سے ملاقات کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران ماہ نور چیمہ کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ماہ نور چیمہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ اور نوجوان نسل کیلئےمشعلِ راہ ہیں”۔
انہوں نے ماہ نور کے والدین کو بھی اس کامیابی پر مبارکباد دی اور طالبہ کیلئے مستقبل میں مزید کامیابیوں کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ماہ نور چیمہ کو تحائف بھی پیش کیے، جس پر طالبہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ تعلیم کے میدان میں پاکستان کا نام مزید روشن کریں گی۔

