جنیوا/لندن (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے جنیوا میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ نواز شریف ان دنوں علاج کی غرض سے جنیوا میں مقیم ہیں اور جلد لندن منتقل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ریاض سے لندن روانہ ہوئے جہاں نائب گورنر محمد بن عبدالرحمٰن نے انہیں ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔ لندن پہنچنے سے قبل وزیراعظم نے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں مختصر قیام کیا اور وہاں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں وزیراعظم نے نواز شریف کو پاک-سعودیہ تاریخی دفاعی معاہدے کی مکمل تفصیلات فراہم کیں۔ یہ معاہدہ اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جو دونوں ممالک کے مشترکہ عزم اور خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔
نواز شریف علاج کے سلسلے میں جنیوا میں مقیم ہیں اور آئندہ چند روز میں لندن منتقل ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف لندن میں 4 روزہ قیام کے دوران پاکستانی کمیونٹی اور تاجر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور ہفتے کو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب اور نواز شریف سے ملاقات کو ملکی اور علاقائی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے پاکستان کے خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

