وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے،سعید غنی نےاستقبال کیا

کراچی(نمائندگان )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سندھ کے دورے پر کراچی پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر سعید غنی نے ان کا استقبال کیا، اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اوران کے ساتھ وفد کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی گئی۔

ایئرپورٹ سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی قافلے کی صورت میں روانہ ہوئے، سندھ کے دورے کے دوران انہیں وزیراعلیٰ کا سرکاری پروٹوکول فراہم کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی انصاف ہاؤس میں پارٹی قیادت سے ملاقاتوں کے بعد کراچی پریس کلب جائینگے،11 جنوری کو مزار قائد پر جلسے سے خطاب کرینگے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پیر کے روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کریں گے۔اس سے قبل خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے اسلام آباد سے روانگی کے وقت بتایا تھا کہ صوبائی کابینہ کے ارکان اور پارٹی پارلیمنٹیرینز بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ ہیں اور سندھ کا یہ دورہ اسٹریٹ موومنٹ میں مزید تیزی لانے کیلئےاہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ آج ضلع جنوبی، ملیر اور کورنگی میں جیل اسیران سے ملاقات کرینگے جبکہ 11 جنوری کو مزار قائد پر بڑا جلسہ منعقد کیا جائیگا۔شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ ہفتے کوریلی کی صورت میں حیدرآباد جائیں گے جہاں وہ حیدرآباد بار اور پریس کلب میں خطاب کرینگے اسی روز آئی ایس ایف کنونشن، پارٹی کابینہ اور معززین سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

سہیل آفریدی حیدرآباد اور کوٹری میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے، اتوار کو آئی ایل ایف، وکلاء اور تاجر اتحاد سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ ایم ڈبلیو ایم قیادت اور ضلع مشرقی میں میڈیا سے بھی بات چیت کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پیر کے روز سندھ ہائیکورٹ بار سے خطاب کے بعد پشاور روانہ ہوں گے۔