لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں پولیس اصلاحات کیلئے 3 ماہ کی ٹائم لائن مقرر کر دی ہے۔لاہور میں وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ صدارت اجلاس میں پولیس اصلاحات کے اہم فیصلے کیے گئے، جن میں تھانوں کے باہر شکایات کے ازالے کیلئے پنک بٹن نصب کرنا اور ہر پولیس اسٹیشن کے 10 اہلکاروں پر باڈی کیم لگانا شامل ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے باڈی کیم کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی ہے اور صوبے بھر میں 14 ہزار باڈی کیم اور 700 پنک بٹن نصب کیے جائیں گے۔ اجلاس میں انویسٹی گیشن کی ویڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ، اور ایف آئی آر کا آن لائن ٹریکنگ سسٹم متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
مریم نواز نے پولیس کو ہدایات دی ہیں کہ ہر شہری کو احترام کے ساتھ ’سر‘ کہہ کر پکارا جائے اور پولیس سے متعلق شکایات 2 سے 3 گھنٹے کے اندر حل کی جائیں۔اجلاس میں کاغذات اور شناختی کارڈ کی گمشدگی کی ایف آئی آر آن لائن درج کرانے کا سسٹم بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے آئی جی اور دیگر پولیس افسروں کو خود فون کر کے عوامی فیڈ بیک لینے کا حکم بھی دیا۔

