وزیرِاعظم کارنی کاصنعتوں کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کا اعلان – سونیا سدھو

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)وفاقی حکومت نے عالمی تجارتی رکاوٹوں اور امریکی ٹیرف کے جواب میں کینیڈا کی اسٹریٹجک صنعتوں کو تحفظ دینے، انہیں وسعت دینے اور تبدیل کرنے کیلئے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

وزیرِاعظم مارک کارنی نے ایک جامع منصوبہ متعارف کرایا جس کا مقصد ملکی سپلائی چینز کو مضبوط بنانا، کینیڈین مزدوروں کی مدد کرنا اور معیشت کی طویل المدتی لچک کو یقینی بنانا ہے۔ ان اقدامات میں 5 ارب ڈالر کا اسٹریٹجک ریسپانس فنڈ، ایک نیا بائے کینیڈین پالیسی، ایس ایم ایز کیلئے توسیعی معاونت اور زراعت، بایو فیولز اور ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ میں ہدفی سرمایہ کاری شامل ہیں۔

ایم پی سونیا سدھو نے کہا”یہ کینیڈا کیلئے فیصلہ کن لمحہ ہے۔ برامپٹن اور ملک بھر کے خاندان اور کاروبار عالمی غیر یقینی حالات کا دباؤ محسوس کر رہے ہیں۔ یہ نئے اقدامات مزدوروں کو دوبارہ تربیت حاصل کرنے، کاروباروں کو ڈھالنے اور ہماری معیشت کو مزید مضبوط اور خود کفیل بنانے میں مدد کریں گے۔ مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایسی حکومت کی حمایت کر رہی ہوں جو کینیڈین عوام میں سرمایہ کاری کر رہی ہے اور ایک ایسا مستقبل تعمیر کر رہی ہے جہاں ہم اختراع، لچک اور مواقع کے ساتھ قیادت کریں گے۔”

یہ اعلان اس سے قبل اسٹیل اور سافٹ ووڈ لمبر سیکٹرز کی بحالی کیلئےکی گئی حکومتی کوششوں پر مبنی ہے اور اس میں نئی حکمتِ عملیاں بھی شامل ہیں تاکہ صنعتیں مزید متنوع اور خوشحال ہو سکیں۔ حکومت نے کینیڈا کی ڈیفنس انڈسٹریل اسٹریٹجی، ایک نئی ٹریڈ ڈائیورسفیکیشن اسٹریٹجی اور بلڈ کینیڈا ہومز کے آغاز کا بھی عزم ظاہر کیا ہے، جس کے تحت آئندہ دہائی میں ہاؤسنگ تعمیرات کو دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ایم پی سدھو نے برامپٹن کی متنوع اور متحرک معیشت کیلئےان سرمایہ کاریوں کی اہمیت پر زور دیا، اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ مقامی مینوفیکچررز، زرعی پروڈیوسرز اور چھوٹے کاروبار وفاقی تعاون اور خریداری کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا”برامپٹن ان کینیڈینز کا گھر ہے جو سب سے زیادہ محنتی اور کاروباری ہیں۔ ان نئے اقدامات کے ساتھ ہم صرف آج کے چیلنجز کا جواب نہیں دے رہے بلکہ اپنے خطے اور پورے ملک میں طویل المدتی خوشحالی کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔”

اپنا تبصرہ لکھیں