لندن(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے لندن میں برطانوی وزیر ہاؤسنگ، کمیونیکیشن و لوکل گورنمنٹ لارڈ واجد خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، شہری ترقی، اور تارکین وطن کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی ملاقات میں شریک تھے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اس وقت 14 تا 18 جولائی کے دوران سرکاری دورے پر برطانیہ میں موجود ہیں۔ اس دورے کے دوران انہوں نے لندن میں برطانیہ کے وزیر برائے ہاؤسنگ، کمیونیکیشن و لوکل گورنمنٹ لارڈ واجد خان سے اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران جام کمال خان نے لارڈ واجد خان کو پاکستان-برطانیہ بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام سے آگاہ کیا، جس کا مقصد برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد کمیونٹی کی مہارتوں کو تجارتی و سرمایہ کاری روابط میں مؤثر طور پر استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ برطانیہ میں موجود 17 لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد کمیونٹی دو طرفہ سماجی و اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے شہری ترقی، کم لاگت رہائش، اور سمارٹ سٹیز جیسے شعبوں میں تکنیکی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ پاکستانی وزیر نے شہری و بلدیاتی سطح پر شراکت داری کو مضبوط بنانے کیلئے برطانوی حکومت کے تعاون کی دعوت دی۔
اس موقع پر لارڈ واجد خان کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی گئی۔ ملاقات میں طے پایا کہ پاکستان میں شہری ادارے اور برطانیہ کی مقامی کونسلز باہمی شراکت کے ذریعے جدید شہری ترقی کے منصوبوں پر کام کریں گے۔
یہ ملاقات پاکستان کی تارکین وطن پر مبنی معاشی سفارت کاری کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صلاحیتوں کو ملکی ترقی میں شامل کرنا ہے۔وفاقی وزیر تجارت کا برطانیہ کا یہ دورہ دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ مزید ملاقاتیں اور سرگرمیاں دورے کے دوران جاری رہیں گی۔

