کرج، ایران (اسپورٹس ڈیسک) ایران کے شہر کرج میں کھیلے گئے ویسٹ ایشیا بیس بال چیمپئن شپ 2025 کے فائنل میں فلسطین نے دفاعی چیمپئن پاکستان کو ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل میچ مقررہ 9 اننگز تک جاری رہا، جہاں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4-4 رنز سے میچ کو برابر کر دیا۔اس کے بعد اضافی اننگ میں فلسطین نے فیصلہ کن رن مکمل کر کے پاکستان کو شکست دے دی اور نئے چیمپئن کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔
پہلی اننگ میں فلسطین نے 1 رن بنا کر آغاز کیا،تیسری اننگ میں مزید 3 رنز جوڑ کر 0-4 کی برتری حاصل کی،چوتھی اننگ میں پاکستان نے خسارہ کم کیا،پانچویں اننگ میں دونوں ٹیموں نے 1-1 رن کا تبادلہ کیا،آٹھویں اننگ کے اختتام پر فلسطین کو 2-4 کی برتری حاصل تھی،نویں اننگ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ 4-4 سے برابر کر دیا،اضافی اننگ میں پاکستان اسکور نہ کر سکا، جبکہ فلسطین نے رن مکمل کر کے فتح اپنے نام کر لی۔
فائنل سے قبل تیسرے نمبر کیلئے کھیلے گئے میچ میں ایران نے بھارت کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
یہ فتح فلسطین کیلئےنہ صرف کھیل کے میدان میں ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ عالمی سطح پر ان کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور عزم کا ثبوت بھی ہے۔ فلسطینی ٹیم کو دنیا بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستانی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے باوجود شکست نے شائقین کو مایوس ضرور کیا، مگر ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کیا اور آئندہ ایونٹس میں بھرپور واپسی کی امید ہے۔

