دبئی (سپورٹس ڈیسک) ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے ہانگ کانگ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 72 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔دبئی میں کھیلے گئے ایونٹ کے 11ویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔
شوال ذوالفقار 47 رنز کے ساتھ پاکستان کی جانب سے نمایاں بیٹر رہیں، جبکہ عائشہ ظفر نے 26 اور فاطمہ ثنا نے 24 رنز بنائے۔ہانگ کانگ کی جانب سے جولین کور نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اقرا سحر اور کیری چن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 71 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
نشرہ سندھو ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بھی بن گئیں۔ ان کے علاوہ فاطمہ ثنا، سعدیہ اقبال، ام ہانی اور عائشہ ظفر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہانگ کانگ کی جانب سے کیری چن 30 رنز بنا کر نمایاں رہیں، تاہم دیگر بیٹرز پاکستانی بولنگ کا سامنا نہ کرسکیں۔شاندار بولنگ پر نشرہ سندھو کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ پاکستان ویمن ٹیم نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔
میچ کے ساتھ ہی پاکستان ویمن ٹیم کی اوپنر منیبہ علی نے اپنے 100 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی مکمل کرلیے۔ ہانگ کانگ کے خلاف میچ سے قبل تقریب میں انہیں خصوصی کیپ پیش کی گئی۔واضح رہے کہ پاکستان نے ایونٹ کے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

