ویمنز ورلڈ کپ: انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئےکوالیفائی کر لیا

(اندور ( رائٹرز)ویمنز ورلڈ کپ کے 20ویں میچ میں انگلینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 4 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئےکوالیفائی کر لیا۔اندور میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم انگلینڈ کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 284 رنز ہی بنا سکی، بھارتی بیٹرز آخری اوور میں درکار 14 رنز بنانے میں ناکام رہے۔

ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ جلد گرنے کے باوجود بھارتی بیٹرز نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ سمرتی مندھانا نے شاندار 88 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان ہرمن پریت کور نے 70 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے نزدیک پہنچایا، جبکہ دپیتی شرما 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

انگلش کپتان نیٹ سیور برنٹ نے 2 جبکہ دیگر 4 باؤلرز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔ ہیتھر نائٹ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 109 رنز کی اننگز کھیلی، جن میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ایمی جونز 56 اور کپتان نیٹ سیور برنٹ 38 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ بھارت کی جانب سے دپیتی شرما نے 51 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں