ویشاکاپٹنم (اسپورٹس ڈیسک) —آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ویشاکاپٹنم کے میدان میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ میں جنوبی افریقہ نے 252 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایک موقع پر جنوبی افریقہ کی پانچ کھلاڑی صرف 81 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھیں اور شکست یقینی دکھائی دے رہی تھی۔
تاہم آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والی ندین دی کلیرک نے ناقابل یقین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 54 گیندوں پر 84 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ ان کی اننگز میں 8 شاندار چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔کپتان لورا وولوراڈٹ نے 70 رنز جبکہ کلوئی ٹریون نے 49 رنز کی قیمتی اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔بھارت کی جانب سے سنہ رانا اور کرانتی گاؤد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 251 رنز بنائے۔ رچا گوش 94 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جنہوں نے 11 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ پرتیکا راول نے 37 جبکہ سنہ رانا نے 33 رنز کا اضافہ کیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کلوئی ٹریون نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 32 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس فتح کے ساتھ جنوبی افریقہ نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی جبکہ بھارت کو ایونٹ میں پہلی بڑی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

