ویمنز ورلڈکپ: بنگلہ دیش کی پاکستان ویمنز کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست

کولمبو (سپورٹس ڈیسک) — آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو اپنے پہلے ہی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش ویمنز نے پاکستان ویمنز کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی۔

بنگلہ دیشی ٹیم نے پاکستان کا 130 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 32ویں اوور میں حاصل کر لیا۔پاکستان ویمنز ٹیم 38.3 اوورز میں صرف 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔معروفہ اختر نے لگاتار 2 کھلاڑیوں کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کیا جس سے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ پہلے ہی اوورز میں مشکلات کا شکار ہو گئی۔

پریماداسا سٹیڈیم میں قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن اپ پہلے اوورز سے ہی مشکلات میں پڑ گئی، خصوصاً جب بنگلہ دیشی باؤلر معروفہ اختر نے عمیمہ سہیل اور سدرہ امین کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کر دیا۔ وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے پاکستان ٹیم بڑے سکور تک نہیں پہنچ سکی۔

رامین شمیم نے 2 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے اور 17 رنز سکور کرنے والی منیبہ علی کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 42 رنز کا اضافہ کیا۔ سدرہ نواز نے 15 اور عالیہ ریاض نے 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ کپتان فاطمہ ثنا نے 22 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیانا بیگ 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

بنگلہ دیش کی لیگ سپنر شورنا اختر سب سے کامیاب بولر رہیں، انہوں نے صرف 5 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ معروفہ اختر اور ناہیدہ اختر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی اننگز میں اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والی روبیعہ حیدر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 8 چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ کپتان نگار فاطمہ نے 5 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے، دونوں بیٹرز نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 62 رنز کا اضافہ کیا۔ سبحانہ موستری نے 24 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

پاکستان کی طرف سے ڈیانا بیگ، رامین شمیم اور فاطمہ ثنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ 5 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کولمبو میں کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں