ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء میں گروپ اے کے آخری مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 54 رنز سے شکست دی۔
گروپ اے کے اس میچ میں شکست کے بعد پاکستان اور بھارت کا میگا ایونٹ کا سفر اختتام کو پہنچ گیا ہےجبکہ ایشین چیمپئن سری لنکا پہلے ہی باہر ہوگئی تھی۔اس اہم ترین میچ میں پاکستان کی فتح سے بھارت کو ایونٹ میں آگے جانے کی امید تھی، جسے گرین شرٹس کی خراب ترین پرفارمنس نے توڑ دیا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 110 رنز بنائے اور پاکستان کےلیے 111 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔گرین شرٹس کی اشرا سندھو نے 14 رنز کے عوض 3 وکٹ حاصل کیں جبکہ سعدیہ اقبال، ندا ڈار، عمیہ سہیل نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 11 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کپتان فاطمہ ثناء 21 رنز کے ساتھ نمایاں بلےبازرہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں منیبہ علی 15، ندا ڈار9 ، ارم جاوید 3، صدف شمس اور عمیمہ سہیل 2، 2 رنز اسکور کیے جبکہ عالیہ ریاض، سدرہ امین، عروب شاہ اور سعدیہ اقبال صفر پر پویلین لوٹ گئیں۔
ایونٹ میں گروپ اے سے آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ نے بھی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ گروپ بی سے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے میچ کے بعد ہوجائے گا۔