وینزویلا 30 سے 50 ملین بیرل تیل امریکا کے حوالے کریگا: صدر ٹرمپ

واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا کے عبوری حکام 30 سے 50 ملین بیرل خام تیل امریکا کے حوالے کریں گے، جو مارکیٹ ریٹ پر فروخت کیا جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم ان کے کنٹرول میں ہوگی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم وینزویلا اور امریکا کے عوام کے فائدے کے لیے استعمال ہو۔ انہوں نے بتایا کہ وینزویلا سے تیل امریکا منتقل کیا جائے گا اور اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے وزیر توانائی کرس رائٹس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق وینزویلا سے خام تیل امریکا کی ریفائنریز کو برآمد کیا جائے گا، واضح رہے کہ امریکا نے دسمبر کے وسط سے وینزویلا سے تیل کی درآمدات روک رکھی تھیں۔

ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ امریکی تیل کمپنیوں کے سربراہ جمعرات کو وینزویلا میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کے لیے وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی افواج نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے کر امریکا منتقل کیا تھا۔