وینزویلا دنیا کے سب سے زیادہ قدرتی وسائل رکھنے والے ممالک میں شامل

کاراکاس (غیر ملکی میڈیا)امریکی حملے کا نشانہ بننے والا وینزویلا رقبے کے اعتبار سے دنیا کا 32 واں بڑا ملک ہے، جس کا کل رقبہ 9 لاکھ 16 ہزار 445 مربع کلومیٹر بنتا ہے اور یہ دنیا کے سب سے زیادہ قدرتی وسائل رکھنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ حالیہ امریکی کارروائی کے بعد وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے طیارے کے ذریعے نیویارک منتقل کیا گیا، جہاں انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا اور منشیات و دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

جنوبی امریکا میں وینزویلا رقبے کے لحاظ سے چھٹے نمبر پر ہے اور حجم کے اعتبار سے پاکستان اور نائجیریا کے برابر جبکہ امریکی ریاست ٹیکساس سے تقریباً ڈیڑھ گنا بڑا ہے۔ یہ وسعت وینزویلا کو جغرافیائی، دفاعی اور اقتصادی لحاظ سے ایک اہم ملک بناتی ہے۔

وینزویلا کا جغرافیہ مختلف خطوں پر مشتمل ہے، مغرب میں اینڈیز کے پہاڑی سلسلے واقع ہیں جہاں بلند اور نسبتاً ٹھنڈے علاقے پائے جاتے ہیں، شمال اور مشرق میں کیریبین سمندر کے ساتھ ساحلی پہاڑیاں ہیں جہاں آبادی اور بڑے شہر واقع ہیں۔ ملک کے میدانی علاقوں سے اورینوکو دریا گزرتا ہے جو زراعت، پن بجلی اور نقل و حمل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، جبکہ جنوب میں ایمازون کے گھنے جنگلات اور معدنی وسائل سے مالا مال مگر کم آبادی والے علاقے موجود ہیں۔

وینزویلا کے پاس دنیا کے سب سے بڑے تیل کے ذخائر، قدرتی گیس، سونا، لوہا، باکسائٹ اور پن بجلی کی وسیع صلاحیت موجود ہے، یہی وسائل اسے عالمی سیاست میں اسٹریٹجک اہمیت دیتے ہیں۔ کیریبین سمندر پر طویل ساحلی پٹی اور شمالی و جنوبی امریکا کے درمیان محلِ وقوع اسے توانائی، تجارت اور عسکری حکمتِ عملی کے لیے غیر معمولی اہم بناتا ہے۔

وینزویلا کی آبادی تقریباً 3 کروڑ ہے، ملک 23 ریاستوں پر مشتمل ہے، دارالحکومت کاراکاس ہے، تاہم مبصرین کے مطابق سیاسی عدم استحکام، پابندیوں اور بدانتظامی کے باعث یہ ملک اپنی قدرتی دولت کے باوجود مکمل صلاحیت حاصل نہیں کر سکا۔