وینزویلا: “ہار نہیں مانیں گے، فتح حاصل کرینگے”:وزیر دفاع کا امریکا کو پیغام

وینزویلا(وینزویلا وزارت دفاع)امریکی حملوں کے بعد وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پیڈرینو لوپیز نے واشنگٹن کو پیغام دیا ہے کہ ہم ہار نہیں مانیں گے اور فتح حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک مذاکرات نہیں کرے گا اور ایک متحد قوم کے طور پر اپنے مقصد کے پیچھے کھڑا رہے گا۔

ولادیمیر پیڈرینو لوپیز نے مزید کہا کہ ہمارا پس منظر امن پر مبنی ہے، ہم ہمیشہ آزادی کیلئے لڑینگے اور ہم نے ہمیشہ انسانیت کیلئےاپنے بازو بڑھائے ہیں۔ آئندہ بھی اپنی سرزمین اور عوام کی وحدت کا دفاع جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ امریکا نے وینزویلا پر حملہ کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے وینزویلا اور اس کے لیڈر پر بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر مادورو کو امریکی فوج کے ٹاپ اسپیشل یونٹ ڈیلٹا فورس نے گرفتار کیا۔ امریکی اٹارنی جنرل کے مطابق صدر مادورو اور ان کی اہلیہ پر منشیات، دہشت گردی اور امریکا کیخلاف استعمال ہونیوالے ہتھیار حاصل کرنے کی سازش کے الزامات ہیں۔ امریکی اٹارنی جنرل نے 7 اگست 2025 کو مادورو کی گرفتاری پر 50 ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔