وینزویلا، ڈیلسی روڈریگز نے صدارتی ذمے داریاں سنبھال لیں

کاراکاس(غیر ملکی میڈیا)وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے عدالتی حکم کے تحت صدارتی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امریکی صدر کے بیان سے اختلاف کیا اور گرفتار صدر نکولس مادورو کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

ڈیلسی روڈریگز کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو ہی ہیں جو اس وقت امریکا میں مغوی ہیں اور ملک کسی بھی صورت کسی کی کالونی نہیں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا اپنے قدرتی وسائل اور خودمختاری کے دفاع کیلئے پرعزم ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کے دفاع کیلئے صبر اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔