وینکوور، برٹش کولمبیا(نامہ نگاران)وینکوور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ویسٹ جیٹ کی ایک پرواز کے انجن میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کینیڈا کے ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے شروع کر دی ہیں۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تمام 50 مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے بحفاظت نکال لیا گیا۔
کینیڈا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (TSB) نے ویسٹ جیٹ کی پرواز میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جو ہفتہ کی رات وینکوور انٹرنیشنل ایئرپورٹ (YVR) پر گیٹ سے جڑنے کے دوران پیش آیا۔
ویسٹ جیٹ کی ترجمان جولیا کائزر کے مطابق مذکورہ پرواز امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا سے وینکوور پہنچی تھی۔ طیارے کے ایک انجن کے بند ہونے کے بعد اس کی ٹیل پائپ میں ہلکی آگ بھڑکی، جسے طیارے کے خودکار فائر سسٹم نے فوری طور پر بجھا دیا۔
طیارے میں اس وقت تقریباً 50 مسافر موجود تھے، جنہیں ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے نکالا گیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔ایئرپورٹ کی ترجمان کلوئی رینالڈ کے مطابق ایئرپورٹ کے ہنگامی عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کا ایئرپورٹ کی دیگر پروازوں یا مجموعی سرگرمیوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
جولیا کائزر نے مزید کہا کہ متاثرہ طیارے کو مرمت کیلئےروانہ کر دیا گیا ہے۔ کلوئی رینالڈ نے اتوار کے روز اپنے بیان میں کہا، “YVR کے عملے، ایمرجنسی سروسز، ویسٹ جیٹ کے عملے اور ہمارے دیگر شراکت داروں نے تعاون کرتے ہوئے مسافروں کو ان کے سامان سے ملا دیا اور ہر ممکن امداد فراہم کی گئی۔”

