بندر ایک شریر جانور ہے جو تنگ کرنے پر آئے تو بڑے بڑوں کو کان پکڑوا دیتا ہے پولیس اہلکار بھی خوفزدہ ہو کر تھانے کے اندر بند ہوگئےیہ دلچسپ واقعہ تھائی لینڈ کے وسطی علاقے میں پیش آیا جہاں سینکڑوں بندروں نے دھاوا بول دیا اور سڑک پر آ کر نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ درجنوں بندروں نے تھانے کا رخ کیا جس سے ڈر کر پولیس اہلکاروں نے کھڑکی اور دروازے بند کر لیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی تھائی لینڈ کے صوبہ لوپبوری کے ایک علاقے میں 200 سے زائد بندروں نے دھاوا بول دیا۔ اس دوران وہ سڑک اور اطراف میں موجود ہر عمارت پر چھا گئے اور خوراک کی تلاش بھی کرنے لگے۔اسی اثنا میں درجنوں بندروں نے قریبی پولیس اسٹیشن کا رخ کیا اور وہاں عمارت میں گھسنے کی کوشش کی۔ بندروں کا غول دیکھ کر اہلکار اس قدر خوفزدہ ہوئے کہ انہوں نے خود کو تھانے میں ہی محبوس کر لیا اور کھڑی، دروازے سب بند کر دیے۔
پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ ہمیں خدشہ تھا کہ بندر عمارت میں داخل ہو کر ہمیں، پولیس دستاویزات اور املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔سوشل میڈیا پر بندروں کے حملے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوگئی ہیں جس میں بندروں کو سڑک اور پولیس اسٹیشن کی چھت پر بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں متعلقہ حکام نے بندروں کو پکڑ کر ایک بڑے پنجرے نما میں بند کیا اور رہائشی علاقے سے دور چھوڑ کر آئے۔واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں رہنے والے لوگ طویل عرصے سے بندروں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں اور مقامی حکام نے بندروں کے بے قابو گروہوں کو روکنے کے لیے خصوصی دیواریں بھی بنائی ہیں۔