راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی اور 29 نومبر کو شیڈول فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے 184 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 178 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا کی 44 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز بھی ٹیم کو ہار سے بچا نہ سکیں۔ عثمان خان 33، صائم ایوب اور محمد نواز 27،27 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ بابر اعظم صفر پر واپس ڈگ آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان صرف ایک رن پر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، ایشان مالنگا کو 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیابی ملی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے، جس میں کامل میشارا نے 48 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وکٹ کیپر بیٹر کوسال مینڈس نے 40 رنز بنائے جبکہ جنیتھ لیالانگے 24 اور کپتان داسن شناکا 17 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے۔
پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے 28 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی پلیئنگ الیون میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، صاحب زادہ فرحان، عثمان خان، فخر زمان، محمد نواز، فہیم اشرف، وسیم جونیئر، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔

