ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان کا جیت سے آغاز، زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست

راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے 148 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا۔ عثمان خان 37 اور محمد نواز 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان 45، صائم ایوب 22 اور صاحب زادہ فرحان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے جبکہ کپتان سلمان علی آغا صرف ایک رن بنا سکے۔ زمبابوے کے بریڈ ایونز نے 2 جبکہ دیگر تین بولرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ اوپنرز نے 72 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا مگر پہلی وکٹ گرنے کے بعد بیٹرز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے۔ برائن بینٹ نے 49، مارونامی نے 30 جبکہ کپتان سکندر رضا نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا، صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔