ٹرائی نیشن سیریز: پاکستان نے یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

شارجہ (اسپورٹس ڈیسک)ٹرائی نیشن سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 31 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔

فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔محمد نواز نے بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔دونوں بیٹرز نے چھٹی وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت قائم کی۔

دیگر بلے بازوں میں صاحب زادہ فرحان نے 16، محمد حارث نے 14، صائم ایوب نے 11، کپتان سلمان علی آغا نے 7 اور حسن نواز نے 4 رنز بنائے۔یو اے ای کی جانب سے حیدر علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان یو اے ای کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 140 رنز ہی بنا سکی۔اوپنر علی شان شارافو نے 68 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، تاہم دوسرے بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔

پاکستان کے ابرار احمد نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 9 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان ٹیم 2 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری، حارث رؤف کی جگہ سلمان مرزا اور صفیان مقیم کی جگہ ابرار احمد کو شامل کیا گیا۔

اس فتح کے بعد پاکستان نے سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی۔پاکستان نے پہلے میچ میں افغانستان کو 39 رنز سے شکست دی۔دوسرے میچ میں یو اے ای کو 31 رنز سے ہرایا۔تیسرے میچ میں پاکستان کو افغانستان کے ہاتھوں 18 رنز سے شکست ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں