ٹرمپ کی انتخابی مہم میں متنازع خاتون لورا لومر،ریپبلکن رہنما حیرت اور تشویش میں مبتلا

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متنازع خاتون لورا لومر سے روابط بڑھانے پر ریپبلکن رہنماؤں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی سازشی نظریات کی حامل لورا لومر کے حالیہ دنوں میں سابق امریکی صدر کے ساتھ نظر آنے پر ریپبلکن رہنما حیرت اور تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

سازشی نظریات کی حامل لورا لومر جو اپنے مسلمان مخالف بیانات اور سازشی نظریات کیلئے جانی جاتی ہیں، حالیہ دنوں میں ٹرمپ کی انتخابی مہم میں نمایاں طور پر دکھائی دیں۔

لورا لومر ٹرمپ کے ساتھ بدھ کو نائن الیون کی یاد میں منعقدہ تقریب میں بھی شریک ہوئیں، جس پر امریکی میڈیا میں حیرت اور غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔ اس کے علاوہ وہ منگل کو ٹرمپ کے ساتھ ان کے طیارے میں فلاڈیلفیا بھی پہنچ گئی تھیں، جہاں ٹرمپ اور نائب صدر کملا ہیرس کے درمیان صدارتی مباحثے کا انعقاد ہوا تھا۔

سابق صدر کی مہم کے ایک گمنام ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات پر 100 فیصد فکر ہے کہ لومر ٹرمپ کے قریب ہیں۔ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لومر کا کہنا تھا کہ وہ ”آزادانہ طور پر” ٹرمپ کی مدد کر رہی ہیں، جنہیں انہوں نے ”قوم کی آخری امید” قرار دیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تحقیقات میں مصروف ہیں۔

امریکی کانگریس کی ایک سابقہ امیدوار جو دائیں بازو کے سازشی نظریات کی حامل ہیں، ان دنوں سابق امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں اور ان کی امریکی صدارتی امیدوار کے ارد گرد موجودگی پر متعدد افراد بشمول رپبلکن رہنما بھی پریشان ہیں۔

لورا لومرمسلم مخالف بیانات اور سازشی نظریات پھیلانے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں، جن میں یہ بھی شامل ہے کہ نائن الیون کا حملہ امریکی حکومت کی جانب سے کی گئی ایک ’اندرونی کارروائی‘ کا حصہ تھا۔

یاد رہے کہ 2020 میں لومر نے سابق صدر ٹرمپ کی حمایت سے فلوریڈا میں امریکی ایوانِ نمائندگان کی نشست کیلیے ریپبلکن امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا تھا، لیکن انہیں شکست ہوئی۔ 2022 میں بھی وہ ایک اور فلوریڈا ڈسٹرکٹ سے ریپبلکن پرائمری میں ناکام ثابت ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں