ٹرمپ کی دھمکیاں: کولمبیا کے صدر دوبارہ ہتھیار اٹھانے کو تیار

بوگوٹا (ایجنسیاں)کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وطن کے دفاع کیلئےدوبارہ ہتھیار اٹھانے کو تیار ہیں۔بوگوٹا سے خبر ایجنسی کے مطابق کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے قسم کھائی تھی کہ وہ دوبارہ کبھی ہتھیاروں کو ہاتھ نہیں لگائیں گے، تاہم موجودہ حالات میں وطن کے لیے ایک بار پھر ہتھیار اٹھانے پر آمادہ ہیں۔

صدر پیٹرو نے کہا کہ وہ امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں پر یہ مؤقف اختیار کر رہے ہیں، جنہوں نے دو روز قبل فوجی کارروائی کرتے ہوئے ہمسایہ ملک وینزویلا کے صدر کو گرفتار کر لیا تھا۔واضح رہے کہ صدر گستاوو پیٹرو ماضی میں گوریلا تحریک سے وابستہ رہ چکے ہیں اور گزشتہ کئی مہینوں سے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے توہین آمیز بیانات اور دھمکیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

صدر پیٹرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عہد کیا تھا کہ دوبارہ کبھی ہتھیار نہیں اٹھائیں گے، لیکن وطن کے لیے وہ ایک بار پھر تیار ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ کولمبیا کے پہلے بائیں بازو کے صدر کو اب اپنی خیر منانی چاہیے۔ ٹرمپ نے صدر پیٹرو کو بیمار آدمی قرار دیتے ہوئے ان پر کوکین بنانے اور امریکا میں فروخت کرنے کا شوقین ہونے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔