ٹرمپ کے ٹیرف پر کینیڈا کا ردعمل: وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا اعلان

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کی برآمدات پر نئے ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد، وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ ہل سےخطاب کرتے ہوئے جوابی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے امریکی ٹیرف کو “بلاجواز اور دونوں معیشتوں کیلئے نقصان دہ” قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ اقدامات امریکی صارفین کیلئے اشیائے ضروریہ جیسے کہ خوراک، پیٹرول، اور گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر سکتے ہیں اور امریکی معیشت میں ہزاروں ملازمتوں کے نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے بتایا کہ کینیڈا نے 30 بلین ڈالر مالیت کی امریکی برآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیاہے۔ان کامزیدکہناتھا اس سے امریکی مصنوعات مثلا شراب، سبزیاں، کپڑے، جوتے اور پرفیوم متاثرہونگے.مزید یہ اقدامات ان امریکی ریاستوں کو متاثر کریں گے جو صدر ٹرمپ کی حمایت کرتی ہیں، تاکہ ان تجارتی پالیسیوں کو واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالا جا سکے۔

کینیڈا نے اعلان کیا کہ وہ عالمی تجارتی تنظیم (WTO) اور امریکہ-میکسیکو-کینیڈا معاہدے (USMCA) کے تحت قانونی کارروائی کرے گا تاکہ امریکی ٹیرف کو چیلنج کیا جا سکے۔ یہ اقدامات امریکہ اور کینیڈا کے دیرینہ تجارتی تعلقات میں کشیدگی بڑھا سکتے ہیں۔ امریکی کاروباری رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ یہ ٹیرف صارفین کیلئےقیمتوں میں اضافہ اور ریٹیل اور آٹو انڈسٹری جیسے شعبوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے 21 دنوں میں مزید 125 بلین امریکی ڈالر کی مصنوعات پر بھی جوابی ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔ یہ اقدام امریکہ کی جانب سے کینیڈا پر عائد کردہ تجارتی محصولات کے ردعمل میں کیا جا رہا ہے، جو منگل سے نافذ العمل ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں