ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)دخترِ مشرق، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو وہ عظیم رہنما تھیں جنہوں نے آمریت کے سامنے سر نہیں جھکایا، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جلاوطنی کا دکھ سہا مگر عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا۔اسی فکر، اسی قربانی اور اسی جدوجہد کا تسلسل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں نظر آیا، جو شہیدوں کے وارث بن کر نہیں بلکہ عوام کے سپاہی بن کر میدانِ عمل میں موجود رہے۔

“جمہوریت بہترین انتقام ہے” محض ایک نعرہ نہیں رہا بلکہ بھٹو خاندان کا عزم ثابت ہوا، اور پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اس وعدے کو نبھانے کیلئے ہر محاذ پر کھڑی رہی۔اسی سلسلے میں دنیا بھر کی طرح کینیڈا میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا کے زیرِ اہتمام،پاکستان اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کی صدارت چوہدری جاوید گجر صدر پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا نے کی۔شام 4 بجے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں کارکنان، رہنماؤں اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔چوہدری جاوید گجر نے اس موقع پر انتہائی جذباتی خطاب کیا جبکہ دیگر پارٹی قائدین اور چاہنے والوں نے بھی اپنے جذبات اور عقیدت کا بھرپور اظہار کیا۔دعائے مغفرت کے بعد شرکاء کے لیے کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ بے نظیر بھٹو شہید کی قربانی، جدوجہد اور جمہوریت سے وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا .

