ٹورنٹو(نامہ نگار) کینیڈا میں ایک افسوسناک واقعے میں 27 سالہ خاتون وینیسا کولیاس نے اپنے دو کم عمر بیٹوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ یہ المناک واقعہ دسمبر 2023 میں اس وقت پیش آیا جب اس کے 72 سالہ شوہر کوسٹا کولیاس خون کے کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق شوہر کی موت کے 9 روز بعد، 10 دسمبر کو ملزمہ نے شدید صدمے، تنہائی اور ذہنی ابتری کے عالم میں اپنے 5 سالہ بیٹے یانِس اور 4 سالہ دمتری کا منہ اور ناک دبا کر قتل کیا، جبکہ اس دوران وہ بچوں کو لوری بھی سناتی رہی۔ واقعے کے بعد خاتون نے خودکشی کی کوشش میں بالکونی سے چھلانگ لگائی لیکن زندہ بچ گئی اور کمر سے نیچے مفلوج ہوگئی۔

پولیس کے مطابق فلیٹ میں بچوں کی لاشیں ٹی وی کے سامنے پڑی تھیں، اور ان کے کفن کیلئے کپڑے ایک جانب رکھے ہوئے تھے، جبکہ قریب ہی بچوں کے مرحوم والد کی تصویر موجود تھی۔گزشتہ روز اوٹاوا کی عدالت میں وینیسا نے روتے ہوئے جرم قبول کیا۔ عدالت نے انہیں کم از کم 18 سال پیرول کے بغیر عمر قید کی سزا سنادی۔ سماعت کے دوران ملزمہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور اپنے بیٹوں سے مخاطب ہو کر کہا “میرے پیارے بچو، میں تم سے سب سے زیادہ محبت کرتی ہوں۔”

