ٹورنٹو (کینیڈین پریس) ٹی ڈی بینک نے کینیڈا میں سرمایہ کاری تیز کرنے کیلئے آئندہ پانچ برس میں 150 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ٹی ڈی بینک کے سربراہ ریمنڈ چون نے کہا کہ اسٹریٹجک منصوبوں کی منظوری کا عمل زیادہ مربوط اور تیز ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور اب تک ہونے والی پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے توانائی، اہم معدنیات، بنیادی ڈھانچے، دفاع اور ہوابازی سمیت مختلف شعبوں کو ممکنہ سرمایہ کاری کے لیے اہم قرار دیا۔دیگر بڑے بینکوں نے بھی حالیہ دنوں میں کینیڈا کے منصوبوں کے لیے اپنی مالی معاونت اور قرضوں کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
اسکوٹیا بینک نے طویل مدتی معاشی ترقی اور کینیڈا سمیت شمالی امریکا کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے میں اہم فریقوں کی معاونت کیلئے ’’اسکوٹیا گروتھ انسٹی ٹیوٹ‘‘ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بینک نے کینیڈین کمپنیوں اور اہم شعبوں کے منصوبوں کیلئے 100 ارب ڈالر سے زائد کی مالی معاونت، ضمانتی انتظامات اور سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا۔

