ٹورنٹو: ڈاکٹر پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزام میں فردِ جرم

ٹورنٹو (ٹورنٹو پولیس سروس، سی بی سی نیوز، سک کڈز اسپتال) ٹورنٹو کے معروف ہاسپٹل فار سک چلڈرن (SickKids) کے ایک ڈاکٹر پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے اور اسے دیکھنے کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

ٹورنٹو پولیس کے مطابق 44 سالہ ڈاکٹر دلان دسانائیکے کو منگل کے روز گرفتار کر کے بچوں کے جنسی استحصال اور استحصالی مواد رکھنے اور اس تک رسائی حاصل کرنے کے الزامات کے تحت چارج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق انٹرنیٹ چائلڈ ایکسپلائٹیشن یونٹ نے اس وقت تحقیقات کا آغاز کیا جب اطلاعات موصول ہوئیں کہ ایک شخص نے الیکٹرانک ڈیوائس کے ذریعے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد تک رسائی حاصل کی اور اسے ڈاؤن لوڈ کیا۔

پولیس نے بتایا کہ فروری 2026ء میں سک کڈز اسپتال اور ملزم کی رہائش گاہ پر سرچ وارنٹ پر عمل کرتے ہوئے متعدد الیکٹرانک آلات، جن میں ایک دفتری کمپیوٹر بھی شامل تھا، تحویل میں لیے گئے۔

ٹورنٹو پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال تحقیقات میں ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا جس سے یہ ظاہر ہو کہ مبینہ مواد کا تعلق ڈاکٹر دلان دسانائیکے کی بطور معالج پیشہ ورانہ سرگرمیوں یا ان کے مریضوں سے ہے۔

ملزم کو منگل کے روز ٹورنٹو کی عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ عائد کیے گئے الزامات ابھی عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔

ادھر سک کڈز اسپتال نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ وہ اس خبر پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتا ہے اور پولیس کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات میں بیان کردہ مبینہ رویے کی سخت مذمت کرتا ہے۔

اسپتال کے مطابق مریضوں، ان کے اہلِ خانہ اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ٹورنٹو پولیس نے اسپتال کو آگاہ کیا ہے کہ اس مرحلے پر ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ الزامات کا تعلق ڈاکٹر کی طبی خدمات سے ہے۔

مزید کہا گیا کہ تحقیقات سے آگاہ ہونے کے فوری بعد ڈاکٹر دلان دسانائیکے کو ملازمت سے فوری رخصت پر بھیج دیا گیا، جبکہ جن مریضوں یا اہلِ خانہ کو کسی قسم کی تشویش ہو وہ اسپتال کے پیشنٹ ریلیشنز شعبے سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔ٹورنٹو پولیس نے اس مقدمے سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کے لیے پولیس سے رابطہ کریں۔