ٹوکیو : انسان کو چند منٹ میں ٹھنڈا کرنے والا ’ہیومن فریج‘ تیارکرلیاگیا

ٹوکیو (دی گارڈین، ٹائمز آف انڈیا، انڈیا ٹوڈے) موسمیاتی تبدیلی، گلوبل وارمنگ اور دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی گرمی کے پیشِ نظر جاپان میں انسانوں کو فوری ٹھنڈک پہنچانے کیلئےایک منفرد ’’ہیومن فریج‘‘ تیار کر لیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جاپانی ریفریجریشن اور وینڈنگ مشین بنانے والی کمپنی SDRS نے صنعتی آلات فراہم کرنے والی کمپنی Trusco Nakayama کے اشتراک سے “Do Hiemon Box” کے نام سے یہ جدید کولنگ سسٹم تیار کیا ہے، جو طاقتور ٹھنڈی ہوا کے ذریعے چند ہی منٹ میں جسم کا درجۂ حرارت کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ کولنگ یونٹ تقریباً 7 فٹ اونچا اور وینڈنگ مشین یا ریفریجریٹر سے مشابہ ڈیزائن رکھتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس میں تقریباً 10 منٹ گزارنے سے شدید گرمی کے باعث ہونے والی جسمانی تھکن کی علامات میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

یونٹ کے اندر کا درجۂ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا جاتا ہے، جبکہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ کی ٹھنڈی ہوا براہِ راست سر، گردن، کندھوں اور کمر پر ڈالی جاتی ہے۔ صارف کی حفاظت کے لیے یہ نظام 20 منٹ بعد خودکار طور پر بند ہو جاتا ہے تاکہ جسم ضرورت سے زیادہ ٹھنڈا نہ ہو۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ آلہ پورے جسم کو بیک وقت ٹھنڈا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور روایتی ایئر کنڈیشننگ کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے جسم کا درجۂ حرارت کم کرتا ہے۔ اس کی قیمت تقریباً 15 لاکھ جاپانی ین (10 ہزار امریکی ڈالر سے زائد) رکھی گئی ہے جبکہ اسے چلانے کی لاگت انتہائی کم بتائی گئی ہے۔