ٹی 20 ایشیا کپ: افغانستان کا فاتحانہ آغاز، ہانگ کانگ 94 رنز سے شکست کھا گیا

ابوظہبی( نمائندہ خصوصی) — متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 20 ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 94 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 186 رنز بنائے۔ جواب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی کو تیز رفتار نصف سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ابوظہبی کے میدان میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز رحمٰن اللہ اور ابراہیم زدران بالترتیب 25 اور 26 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد صادق اللہ اتل اور محمد نبی نے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد نبی نے 33 رنز کی اننگز کھیلی اور کنچت شاہ کا شکار بنے۔ گلبدین نائب صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

عظمت اللہ عمرزئی نے صادق اللہ اتل کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 82 رنز کی قیمتی شراکت داری نبھائی۔ عظمت اللہ نے صرف 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جب کہ صادق اللہ اتل نے شاندار 73 رنز اسکور کیے۔ افغانستان نے مجموعی طور پر 186 رنز بنائے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے کنچت شاہ اور ایوش شکلا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عتیق اقبال اور احسان خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

189 رنز کے تعاقب میں ہانگ کانگ کے بلے باز افغانستان کی باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔ صرف بابر حیات (39) اور کپتان یاسم مرتضیٰ (16) ڈبل فیگرز میں داخل ہو سکے۔ باقی بیٹرز دہرے ہندسے کو نہ چھو سکے اور پوری ٹیم 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی اور گلبدین نائب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان اور نور احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جارحانہ نصف سنچری کھیلنے والے عظمت اللہ عمرزئی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

افغانستان: صادق اللہ اتل، رحمٰن اللہ گربز، ابراہیم زدران، محمد نبی، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، کریم جنت، راشد خان (کپتان)، نور احمد، اللہ محمد غضنفر، فضل حق فاروقی۔

ہانگ کانگ: ذیشان علی، انشے رتھ، بابر حیات، نزاکت خان، کلین چلو، کنچت شاہ، اعزاز خان، یاسم مرتضیٰ (کپتان)، ایوش شکلا، عتیق اقبال، احسان خان۔

اپنا تبصرہ لکھیں