ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے والی بڑی ٹیمیں بھارت میں پھنس گئیں

ممبئی (ایجنسیاں) ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت میں موجود ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث تاحال بھارت سے روانہ نہیں ہوسکیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز ٹیم کے لیے چارٹرڈ فلائٹ کا انتظام کیا گیا تھا تاہم ایئر ٹریفک کی اجازت نہ ملنے کے باعث ٹیم بھارت سے روانہ نہ ہوسکی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے مشاورت کے بعد چارٹرڈ فلائٹ کے انتظامات کیے تھے۔

رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی بھارت میں پھنسنے پر پریشانی کا شکار ہیں۔ ویسٹ انڈین آل راؤنڈر شرفین ردرفورڈ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس صورتحال سے تنگ آچکے ہیں اور اب گھر جانا چاہتے ہیں۔ اس سے قبل ٹیم کے کوچ ڈیرن سیمی بھی بھارت سے جلد واپسی کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویسٹ انڈیز کے ساتھ جنوبی افریقا کی ٹیم بھی بھارت میں موجود ہے اور دونوں ٹیموں کی روانگی کے حوالے سے تاحال حتمی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور بعض فضائی حدود بند ہونے کے باعث ٹیموں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم جنوبی افریقا کے چار کھلاڑیوں کی دوطرفہ سیریز کے لیے نیوزی لینڈ روانگی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 15 مارچ سے پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز شیڈول ہے جبکہ جنوبی افریقی اسکواڈ کے دیگر ارکان کی روانگی تاحال یقینی نہیں بن سکی۔