لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کے گھر پر چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں نقدی، زیورات اور غیر ملکی کرنسی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ چھاپے کے دوران11 کروڑ 44 لاکھ روپے کی پاکستانی کرنسی برآمد کی گئی، جبکہ 6 کروڑ 34 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی قبضے میں لیا گیا۔
پنجاب پولیس کے مطابق موقع سے بھارتی کرنسی میں 50 ہزار روپے سمیت برطانیہ، کینیڈا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی کرنسی بھی ملی ہے، جن کی مجموعی مالیت 25 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمدگی کے بعد تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ رقم اور زیورات کے ذرائع معلوم کیے جا سکیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق چھاپہ رات گئے کارروائی کے دوران مارا گیا، تاہم اس حوالے سے ٹی ایل پی ترجمان کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔

