ممبئی(سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کو 107 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 254 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا جو ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ ہے۔
ابتدائی محتاط آغاز کے بعد شمرون ہیٹمائر اور رومین پاول نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ہیٹمائر نے 85 اور پاول نے 59 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلیں، دونوں نے مجموعی طور پر 11 چھکے اور 11 چوکے جڑے۔ آخر میں شرفین ردرفورڈ نے 31، روماریو شیفرڈ نے 21 اور جیسن ہولڈر نے 13 رنز بنا کر اسکور 254 تک پہنچایا۔
زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزاربانی اور رچرڈ اینگراوا نے دو، جبکہ بریڈ ایونز اور لوک جونگ وے کریمر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سب سے زیادہ 43 رنز نویں نمبر پر آنے والے بریڈ ایونز نے بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے گڈاکیش موتی نے 4 اور اکیل حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔اسی گروپ کے گزشتہ میچ میں جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم نے بھارت کرکٹ ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔

